پاکستان

طاہر القادری کے دل کے 2 والو بند: میڈیکل رپورٹ

ڈاکٹروں نے سربراہ عوامی تحریک کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے منع کردیا،جسکے بعد 17 دسمبر کوان کا خطاب غیر یقینی ہوگیا

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری کی انجیوگرافی کی رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق ان کے دل کے 2 والو جزوی طور پر بند ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق دو دن قبل امریکا کے ایک نجی ہسپتال مں ڈاکٹر طاہر القادری کی انجیو گرافی کی گئی، جس کی رپورٹ کو مخفی رکھا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کے دل کے 2 والو جزوی طور پر بند ہیں اور ڈاکٹرز کا پینل اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ ان کا آپریشن کیا جائے گا یا دیگر ادویات کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے سربراہ عوامی تحریک کو مکمل طور پر آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کا تناؤ ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹروں نے طاہر القادری کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے بھی منع کردیا ہے، جس کے باعث 17 دسمبر کو عوامی تحریک کے ملک گیر احتجاج میں ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب بھی غیر یقینی ہوگیا ہے۔


مزید پڑھیں: عوامی تحریک کا ملک گیراحتجاج کا اعلان


واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے چھ ماہ مکمل ہونے پر 17 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت ماڈل ٹاؤن واقعے کی تفتیش میں تاخیر کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ رواں برس سترہ جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں پی اے ٹی کے متعدد کارکن ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد واقعے کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، تاہم عوامی تحریک نے اسے مسترد کردیا تھا۔