پاکستان

لاڑکانہ: آکسیجن نہ ملنے پر 5 بچے ہلاک

چانڈکا میڈیکل کالج ہسپتال میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چار نوزائیدہ جبکہ ایک 2 سال کا بچہ جان کی بازی ہار گیا۔

لاڑکانہ: چانڈکا میڈیکل کالج ہسپتال، لاڑکانہ کے چلڈرن وارڈ میں آکسیجن نہ ملنے سے پانچ بچے دم توڑگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چار نوزائیدہ جبکہ ایک 2 سال کا بچہ ہلاک ہوا۔

چانڈکا ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق اگرچہ صوبائی حکومت کی جانب سے ہسپتال کے لیے بجٹ کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم یہ اعلان محض فائلوں تک ہی محدود ہے اور ڈسٹرکٹ ٹریزری آفیسر بل پاس نہیں کررہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں آکسیجن سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار کو بلوں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث آکسیجن کی سپلائی بند کردی گئی ہے، جو پانچ بچوں کی ہلاکت کا سبب بنی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بھی آکسیجن کی کمی، انکیوبیٹرز کے نہ ہونے اور ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث متعدد نوزائیدہ بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

سرگودھا میں معصوم بچوں کی ہلاکت کا سپریم کورٹ نے نوٹس بھی لیا تھا۔


مزید پڑھیں: سرگودھا ہلاکتوں پر سپریم کورٹ کا نوٹس


واضح رہے کہ رواں برس وفاقی حکومت نے صحت کے شعبے کے لیے 26.8 کھرب روپے مختص کیے تھے، جبکہ سندھ حکومت نے اس مقصد کے لیے 43.58 کھرب روپے مقرر رکھے ہیں۔