پاکستان

پولیس کی جگہ سیاسی کارکنوں کا استعمال افسوسناک، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی کے مطابق حکومت مذاکرات شروع کرے تو معاملات حل ہو سکتے ہیں ورنہ تیسری قوت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پولیس کی جگہ سیاسی کارکنوں کا استعمال افسوسناک ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کا راستہ نہ اپنایا تو اپنی مدت کم کر نے کی ذمہ دار خود ہو گی۔

تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں کو بند کرنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر بند کرنا درست ہے یا غلط مگر کراچی اور کوئٹہ کو جب چاہے بند کروایا جاتا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق اور امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست سے ملکی معیشت کا پہیہ جام ہے جب کہ فیصل آباد میں حکمرانوں نے معاملات کو سلجھانے کے بجائے مزید الجھا دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کے مطالبہ سے دستبردار ہونے کے بعد حکومت سے امید تھی کہ وہ آگے بڑھے گی لیکن بدقسمتی ایسا نہ ہو سکا، اگر جوڈیشل کمیشن کے قیام پر سیاسی بحران کا حل ممکن ہے تو پھر دیر کس بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا ہے، حکومت مذاکرات شروع کرے تو معاملات حل ہو سکتے ہیں ورنہ تیسری قوت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔