پاکستان

رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل پاک افغان سرحد سے بازیاب

رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن کو پاک افغان سرحد سے بازیاب کرواکر سیکورٹی اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پشاور: رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن کو پاک افغان سرحد سے بازیاب کرواکر سیکورٹی اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

رانا جمیل کو رواں سال مئی میں صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے قریب موٹر وے سے اغوا کیا گیا تھا۔

اغوا کاروں نے ان کی رہائی کے بدلے پانچ کروڑ روپے طلب کیے تھے۔

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق رانا جمیل کو پاک افغان سرحد کے قریب لنڈی کوتل سے بازیاب کروایا گیا اور وہ اب ایف سی کیمپ میں ہیں۔

اعلامیے میں گورنر خیبرپختونخوا نے سیکورٹی فورسز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جمیل کو باحفاظت پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں کس طرح بازیاب کروایا گیا ہے۔

جمیل 2013 کے عام انتخابات کے دوران پی پی 174 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔