ق لیگ سمیت 3 جماعتیں تحریک انصاف کے احتجاج میں شامل
لاہور: مسلم لیگ (ق) ، سنی اتحاد کونسل اور سنی تحریک کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصل آباد میں احتجاج میں شرکت کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری جنرل چوہدری ظہیر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق پی ٹی آئی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شرکت کا فیصلہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے رابطے کے بعد کیا گیا۔
چوہدری ظہیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کی جانب سے فیصل آباد کی قیادت کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کا بھر پور ساتھ دیا جائے۔
سنی تحریک کی جانب سے بھی تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کے رابطے کے بعد پی ٹی آئی کا بھرپور ساتھ دینے کا یقین دلایا گیا ہے۔
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل فیصل آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج میں شریک ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت مخالف تحریک میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پرامن احتجاج تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے، اس لیے حکومت پرامن احتجاج میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے۔