غازی رشید قتل کیس،مشرف 13 دسمبر کو عدالت طلب
اسلام آباد: عبدالرشید غازی قتل کیس میں عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مستر د کر دی ہے ۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے پرویز مشرف کو 13 دسمبر کو عدالت طلب کر لیا ہے۔
سابق صدر کے وکلاء کی جانب سے عدالت میں پرویز مشرف کی عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اس کیس کی پچھلی سماعت نومبر میں ہوئی تھی اس میں بھی سابق صدر کے وکلاء کی جانب سے خراب صحت کے باعث پرویز مشرف کی عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی مگر عدالت نے اس کو مسترد کرکے 6 دسمبر (آج) پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں : غازی رشید قتل کیس:مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد
مدعی مقدمہ ہارون الرشید کے وکیل عبدالحق ایڈووکیٹ نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہوئے ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے جائیں۔
سابق صدر کے وکلاء نے آج بھی عدالت سے پرویز مشرف کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی مگر اسے مسترد کر دیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق صدر کو 13 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔