تھپڑ مارنے والے کا مسلمانوں سے تعلق نہیں، گوہر خان
معروف انڈین اداکارہ گوہر خان نے انھیں تھپڑ مارنے والے شخص کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے کس نے یہ حق دیا کہ میں کیا لباس پہنوں اور کیا نہیں۔
گذشتہ دنوں ایک ریئلٹی شو ’انڈیاز را سٹار‘ کی شوٹنگ کے دوران وہاں موجود ہجوم میں سے ایک شخص نے بگ باس سیزن سیون کی فاتح گوہر خان کو تھپڑ مار دیا تھا۔
منگل کو گوہر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس شخص کے تھپڑ نے انہیں ذہنی طور پر سکتے کا شکار کردیا تھا تاہم اس شخص کو کس نے یہ حق دیا ہے کہ میں کیا پہنوں اور کیا نہیں، کس کو یہ حق ہے کہ اگر کوئی لڑکی آپ کی مرضی کے خلاف کوئی لباس پہنتی ہے تو اس کے ساتھ ایسا سلوک کرو۔
|
انہوں نے کہا کہ وہ واقعہ دو راتوں سے ان کے لیے بھیانک خواب بنا ہوا ہے اور وہ نیند سے روتے ہوئے بیدار ہوجاتی ہیں۔
گوہر خان کے مطابق اگر ایک اداکارہ ایسی ذہنیت کا شکار ہو سکتی ہے تو عام عورتیں اور لڑکیاں اس ملک میں کیسے محفوظ رہ سکتی ہیں۔
انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اہم ہے، اساتذہ کو طالبعلموں کو سمجھانا چاہئے کہ نوجوان لڑکوں کو کس طرح ایک خاتون کے ساتھ پیش آنا چاہئے اور ان کے ساتھ کسی جیل کے قیدی جیسا سلوک نہیں کیا جانا چاہئے۔
گوہر خان نے تھپڑ کے واقعے پر اپنے مداحوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اتوار کو ممبئی میں پولیس نے فلم اور ٹی وی کی اداکارہ گوہر خان کو ایک پروگرام کے دوران تھپڑ مارنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔
پولیس نے ملزم عقیل ملک کے خلاف چھیڑ چھاڑ کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا اور پیر کو عدالت میں پیش کیا۔
یاد رہے کہ گوہر خان نے دسمبر 2013 میں ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کا ساتواں سیزن جیتا تھا۔
یہ شو ہندوستان میں کافی مقبول ہے اور سلمان خان مسلسل کئی سالوں سے اس شو کی میزبانی کر رہے ہیں۔
گوہر اداکارہ نگار خان کی بہن ہیں اور انھوں نے 2003 میں فلاپ فلم ’مس انڈیا: دا مسٹری‘ میں بھی کام کیا تھا۔
گوہر خان ماڈل ہیں اور کئی آئٹم گانوں کے سبب انھوں نے اپنی پہچان قائم کی ہے۔