پاکستان

چیف الیکشن کمشنرکیلئے 3 ناموں پر اتفاق

جسٹس سردارمحمد رضا،جسٹس طارق پرویزاورجسٹس تنویراحمد خان کے ناموں پر اتفاق گیا ہے، حتمی فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کا ہوگا۔

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنرکے لیے جسٹس سردارمحمد رضا، جسٹس طارق پرویزاورجسٹس تنویراحمد خان کے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔

مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کے بعد وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت کے بعد 3 نام فائنل کرلیے گئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا اعتراضات کے باعث نام فائنل کرنے میں تاخیر ہوئی، تاہم چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے لیے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شریعہ کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس سردار رضا محمد رضا، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس طارق پرویز اور جسٹس تنویر احمد خان کے ناموں پر اتفاق کرلیا گیا ہے تاہم چیف الیکشن کمشنر کا حتمی انتخاب پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔

سید خورشید شاہ نے امید ظاہرکی کہ 5 دسمبر تک چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ حل ہوجائے گا۔

اس سلسلے میں وزیر خزانہ اور اپوزیشن لیڈر نے دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں ۔

یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا، جب عام انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات پر ریٹائرڈ جسٹس فخرالدین جی ابراہیم نے گزشتہ برس رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس اہم عہدے پرتقرری کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں کئی ملاقاتیں ہوئیں، تاہم معاملہ جوں کا توں موجود رہا اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے امیدواروں کے ناموں کی فہرست بنتی بگڑتی رہی۔

اس سارے منظرنامے میں کئی امیدواروں کے نام سامنے آئے، لیکن کسی پر حکومت نے اعتراض کیا تو کسی کے سامنے اپوزیشن دیواربن کرکھڑی ہوگئی ۔

چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے حکومت کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کے نام تجویز کیے گئے تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اجمل میاں، جسٹس رانا بھگوان داس اور جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کے نام پیش کیے گئے ۔

جسٹس رانا بھگوان داس اور تصدق حسین جیلانی نے عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی تھی جبکہ اجمل میاں پر حکمران جماعت ملسم لیگ (ن) نے اورجسٹس سعیدالزماں صدیقی پر پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے اعتراض کیا تھا۔

بعدازاں زیرغور ناموں میں جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا، جسٹس ریٹائرڈ میاں اجمل، جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز اور جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد کا نام بھی شامل رہا۔

آج اسحاق ڈار اورخورشید شاہ کے مابین ہونے والی مشاورت کے بعد بالآخر جسٹس سردارمحمد رضا، جسٹس طارق پرویزاورجسٹس تنویراحمد کے ناموں پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔