الطاف حسین کے نام پر دو جامعات بنانے کا اعلان
کراچی: ریئل اسٹیٹ کی دنیا کا مشہور نام اور بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کے نام پر دو جامعات بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض نے کراچی اور حیدرآباد میں دو جامعات بنانے اور انہیں الطاف حسین کا نام دینے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جامعات کی تعمیر کا کام آئندہ سال جنوری میں شروع کردیا جائے گا جسے اسی سال کے اختتام تک مکمل کر کے جنوری 2016 میں تعلیمی سیشن کا آغاز کردیا جائے گا۔
|
انہوں نے کہا کہ کراچی میں دو راستوں پر تیز رفتار بس سروس متعارف کرائی جائے گی جن میں سے ایک بحریہ ٹاؤن شپ سے ٹاور اور دوسری بحریہ ٹاؤن شپ سے کراچی ایئرپورٹ تک جائے گی۔
اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد بھی موجود تھے۔
ملک ریاض نے کہا کہ وہ ڈاؤ میڈیکل کالج یونیورسٹی کی جانب سے جدید سہولیات سے آراستہ میڈی کیئر انسٹیٹیوٹ کے منصوبے کے لیے درکار زمین خریدیں گے۔
گورنر سندھ نے ان اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملک ریاض کا شکریہ ادا کیا۔