سرگودھا میں مزید 3 نومولود بچوں کی ہلاکت
سرگودھا : سرگودھا کے ضلعی ہسپتال میں نومولود بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے اور مجموعی ہلاکتیں 19 ہوگئی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 25 بستر اور پانچ انکوبیٹر موجود ہیں مگر وہاں جمعے تک پچاس نومولود بچے ایڈمٹ تھے جن میں سے بیس کی حالت نازک تھی، جبکہ صرف پانچ بچوں کو ہی انکوبیٹر کی سہولت فراہم کی جاسکی ہے۔
پنجاب ہاسپٹلز ہیلتھ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر نادیہ عزیز کا کہنا ہے کہ یہ المناک سانحہ ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے نومولود بچوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سپرٹینڈنٹ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انیس میں سے پانچ بچوں کی ہلاکت کی وجہ ان کی ڈیلیوری غیرتربیت یافتہ عملے کے ہاتھوں ہونا تھی، جبکہ آٹھ نومولود کا پیدائشی وزن بہت کم تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو ہرممکن بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ادھر ان ہلاکتوں سے متعلق رپورٹ بھی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز کو پیش کردی گئی ہے، جس میں ڈاکٹرزکی غفلت اور فنڈز کی کمی کو قصور وارٹھہرایاگیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اموات کی ایک وجہ ادویات کی کمی بھی تھی، اسی طرح اسپتال کی ابترصورتحال اورجدیدطبی سہولتوں کے فقدان کو بھی ذمہ دار قراردیاگیا ہے۔