پاکستان اور روس میں دفاعی تعاون بڑھانے کا معاہدہ
اسلام آباد: پاکستان اور روس میں دفاعی تعاون بڑھانے کا معاہدہ ہو گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان اور روس نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے
دونوں ممالک میں یہ معاہدہ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئے گو کے دورہ پاکستان کے موقع پر کیا گیا ہے۔
سرگئی شوائے گو نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقاتیں کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی صورتحال سے روسی وزیر کو آگاہ کیا، وزارت دفاع میں دونوں ممالک کے اعلٰی دفاعی حکام بھی بات چیت میں شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں : ماسکوکی پاکستان کوایم آئی35 ہیلی کاپٹرکی فراہمی کی’سیاسی منظوری‘
پاکستان اور روس کا دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق سمیت افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق دونوں ممالک میں دفاعی تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط سے قبل وزرائے دفاع کے درمیان میں باضابطہ بات چیت بھی کی گئی۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کر رہا ہے۔
روسی وزیر دفاع نے کہا کہ روس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مشرقی سرحدوں کی سیکورٹی صورتحال سے بھی روسی وزیر دفاع کو آگاہ کیا۔
روسی وزیر دفاع سرگئی شوائےگو سے ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ دفاع سمیت باہمی تعاون کو کثیر الجہتی بنا رہے ہیں جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لیے روس کے تعاون کے خواہاں ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ روسی کمپنیاں تونائی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے استفادہ کریں، پاک روس تجارت کے حجم میں اضافہ چاہتے ہیں،دونوں ممالک میں تعلقات مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں۔