'آئی ڈی پیز کو والی بال بنادیا گیا ہے '
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ تخت لاہورکی لڑائی نےآئی ڈی پیز کے مسئلےکو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔
پشاور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عوامی نشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ 'آئی ڈی پیز کو والی بال بنایا دیا گیا ہے اور ان کوکبھی ایک تو کبھی دوسرے کورٹ میں پھینکا جارہا ہے'۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا تھا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والے آئی ڈی پیز صوبہ خیبر پختونخوا کی ذمہ داری نہیں ہیں، یہاں لاکھوں افراد بیٹھے ہو ئے ہیں جن کا خیال رکھنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔
مزید پڑھیں: وفاق اور خیبرپختونخوا کی لڑائی سے آئی ڈی پیز مشکل کا شکار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کے استعفیٰ کے مطالبے کے حوالے سے اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ 'طاقت کےزورپراستعفٰی نہیں مانگا جاسکتا'۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 'نئے پاکستان' کے نعرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ' نیا اورپراناخیبرپختونخوابھی دیکھ لیا مگرتبدیلی سمجھ نہیں آرہی'۔
انھوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'میری انگریزی کمزورہے، شاید اسی لیے گڈگورننس کاپتہ نہیں'۔
اسفند یار ولی نے رواں برس اگست میں تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے ڈی چوک پر پارلیمنٹ ہاؤس، پی ٹی وی اورسیکریٹریٹ پرحملہ کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ جمہوریت نہیں ہے۔