لائف اسٹائل

پی کے میں چھوٹا عامر خان بھی شامل

مسٹر پرفیکٹ اپنی فلموں کی نت نئے انداز میں پروموشن کی حکمت عملیوں کے اعتبار سے سب سے آگے ہیں۔

ممبئی : بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان اپنی فلموں کی نت نئے انداز میں پروموشن کی حکمت عملیوں کے اعتبار سے سب سے آگے ہیں اور اب 49 سالہ اداکار نے ٹوئیٹر کے ذریعے اپنے بچپن کی تصویر شیئر کی ہے مگر بالکل ہی منفرد انداز سے۔

اس تصویر میں عامر خان نے اپنے بچپن کی تصویر اپنی آئندہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم 'پی کے' کے کردار کے روپ میں تبدیل کرکے ٹوئیٹر پر پوسٹ کی اور لکھا ارے پھر ٹکر ٹکر کا دیکھت ہو؟ ای ہم ہی ہوں، پی کے ہمرا چائلڈ ہڈ ہے، چھوٹا پی کے۔

عامر خان بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس طرح اپنی نئی فلم 'پی کے' کے لیے دیکھنے والوں کا اشتیاق بڑھانا چاہئے اور 'پی کے' کے لیے اپنے بچپن کی تصویر کو فوٹوشاپ کرکے استعمال کرنا بھی پرستاروں کا جوش بڑھانے کا سبب بنا ہے۔

راجکمار ہیرانی کی فلم 'پی کے' میں عامر کے ساتھ انوشکا شرما، سوشانت سنگھ راجپوت اور سنجے دت نظر آئیں گے، جسے اٹھارہ دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔

بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ فلم 'پی کے' میں ان کا روپ تو درحقیقت ایک ہی ہے مگر وہ آٹھ مختلف کپڑوں میں نظر آئیں گے اس لیے آپ اگر انہیں نو کہتے ہیں تو وہ اندازہ ٹھیک ہے اور مجھے سب پسند ہیں۔

فلم کے پروموز میں پان کھانے کی عادت کے حوالے سے عامر خان نے کہا کہ انہیں پان کھانے کی عادت نہیں مگر اس فلم کے لیے انہیں بہت زیادہ پان کھانا پڑے، کیونکہ فلم میں ان کا کردار پان کھانے کا شوقین ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شوٹنگ کے دوران مجھے روز پچاس سے ساٹھ پانوں کو چبانا پڑا، اس کے لیے خاص طور پر ایک پان والے کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے یہ اتفاق ہو رہا ہے کہ میری فلمیں کرسمس جبکہ شاہ رخ خان کی دیوالی کے دن ریلیز ہو رہی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ان کی فلموں کے ٹریلر کنگ خان کے ساتھ ریلیز ہوتے ہیں اور یہ میرے لیے خوشی کا باعث ہے کیونکہ شاہ رخ ایک بڑے اسٹار ہیں اور کروڑوں افراد ان کی فلمیں دیکھتے ہیں جس سے میرے ٹریلر کو بھی دیکھے جانے کا امکان بڑھ جاتا ہے اور اس سے فلم کو پروموٹ کرنے میں کافی مدد ملتی ہے۔

عامر خان نے کہا کہ وہ پچیس سال سے فلم انڈسٹری میں ہیں تاہم 'پی کے' میں کام کرنے کا تجربہ سب سے مختلف ثابت ہوا، "یہ میری زندگی کا اب تک کا سب سے مشکل کردار تھا جس پر میں نے بہت زیادہ محنت کی ہے"۔