حساس ادارے کو پرویز مشرف پر حملے کا خدشہ
کراچی: حساس اداروں کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق حساس ادارے نے وفاقی وزارتِ داخلہ، وزارتِ داخلہ سندھ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جان کو خطرہ ہے۔
مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عدنان رشید کی سربراہی میں حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جو حملے کے لیے فنڈنگ اور خودکش حملہ آوروں کی تیاری میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں پانچ خودکش حملہ آور تیار کیے گئے ہیں۔
مستقبل قریب میں خودکش حملے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد پرویز مشرف کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جاتے وقت نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
حساس ادارے نے سابق صدر کی سیکیورٹی فول پروف بنانے اور خودکش حملہ آوروں کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔