پاکستان

سیالکوٹ سیکٹر: ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ

ہفتہ کو ہندوستان فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری، چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی۔

سیالکوٹ: ہندوستان کی جانب سے سرحد کی خلاف ورزیوں کاسلسلہ جاری ہے اور ہفتہ کو ہندوستان فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس پر چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

ہفتہ کی صبح نو بجے کے قریب ہندوستانی فوج کی جانب سے ایک بار پھر ورکنگ باؤنڈری کو نشانہ بنایا گیا اور سیالکوٹ کے چاروا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی گئی۔

چناب رینجرز نے ہندوستانی فوج کی اشتعال انگیزی پر بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے ہندوستتانی توپیں خاموش ہو گئیں تاہم کچھ دیر قبل ایک بھر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان کی جانب سے ایک بار پھر فائر بندی کی خلاف ورزی کی گئی اور اس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس سے شہریوں میں خاصا خوف ہ ہراس پھیل گیا ہے۔

فائرنگ سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہندوستان کی جانب سے متعدد بار سیز فائر اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔

ڈیڑھ ماہ قبل بھی ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چودہ شہری ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کی پاکستان نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہندوستان سے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔