لائف اسٹائل

انسانی شخصیت پر کس جذبے کو بالادستی حاصل؟

اداسی کسی بھی دوسرے انسانی جذبے کے مقابلے میں انسانی شخصیت کے اندر 240 گنا زیادہ دورانیے تک اپنا اثر برقرار رکھتی ہے ۔

نیویارک : کیا آپ کو معلوم ہے کہ انسانی شخصیت پر کس جذبے کا اثر سب سے زیادہ وقت تک رہتا ہے؟ شرم، غصہ یا خوشی ان سب کے بارے میں سوچا ہے تو بالکل غلط درحقیقت اداسی سب سے بالادست جذبہ ہے۔

بیلجئیم میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اداسی کسی بھی دوسرے انسانی جذبے کے مقابلے میں انسانی شخصیت کے اندر 240 گنا زیادہ دورانیے تک اپنا اثر برقرار رکھتی ہے اور کسی بھی رشتے دار کی موت یا بری خبر کے بعد لوگوں کو اس کے اثر سے نکلنے کے لیے کم از کم 120 گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

لیووین یونیورسٹی کی اس تحقیق کے دوران انسانوں کے اندر پائے جانے والے 27 اہم ترین جذبات کے اثر کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی اور یہ بات سامنے آئی کہ عام طور پر مختلف تاثرات مختصر دورانیے تک کے لیے ہوتے ہیں مگر اہم مواقعوں یا واقعات کے اثرات زیادہ لمبے عرصے تک کے لیے لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ عام طور پر اداسی کے اثر سے نکلنے میں کسی فرد کو 120 گھنٹے لگ جاتے ہیں جبکہ شرمندگی کے اثر سے باہر نکلنے میں صرف 30 منٹ کا عرصہ ہی درکار ہوتا ہے۔

تحقیق میں دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ بیزاری کے دوران انسان کے لیے وقت گزرنے کی رفتار ضرور دھیمی پڑجاتی ہے مگر پھر بھی وہ زیادہ دیرپا جذبہ نہیں اور دو گھنٹوں کے اندر لوگ اس سے نجات پالیتے ہیں۔

نفرت کا جذبہ 60 گھنٹے تک انسان کو اپنے اثر میں لیے رکھتا ہے جبکہ خوشی کا احساس 35 گھنٹے تک برقرار رہتا ہے۔

بیزاری وہ جذبہ ہے جو 2 گھنٹوں میں انسانوں کے ذہن سے نکل جاتا ہے جبکہ امید، ڈر وغیرہ 24 گھنٹے، حسد 15 گھنٹے اور جوش و خروش 6 گھنٹے تک آپ کا احاطہ کیے رکھتا ہے۔

شکر گزاری کے احساس کو تحلیل ہونے میں 5 گھنٹے درکار ہوتے ہیں تو سکون کا احساس تین سے چار گھنٹوں میں چھن جاتا ہے۔

اسی طرح پچھتاوا ساڑھے 3 گھنٹے اور تناﺅ 3 گھنٹے تک کسی مرد کے ذہن میں بسا رہتا ہے۔

تحقیق کے مطابق کم مدت تک برقار رہنے والے جذبے درحقیقت کم اہم ایونٹس سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ زیادہ دیر تک انسانی شخصیت کا احاطہ کیے رکھنے والے جذبات کا تعلق بھی کسی فرد کی زندگی کے اہم معاملات سے ہوتا ہے۔