پاکستان

راولپنڈی سے دو مشتبہ دہشت گرد گرفتار

مشتبہ افراد یومِ عاشورہ کے جلوس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے،جن کو اب نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی: پاکستان کے صوبہ پنجاب کےشہر راولپنڈی میں حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد یومِ عاشور کے جلوس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

خیال رہے کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور ایف سی کے تقریباً سات ہزار اہلکار مختلف علاقوں میں تعینات کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دس محرم کو راوپنڈی کے راجہ بازار کے قریب ہونے والے تصادم اور فائرنگ سے کم سے کم گیارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

اس واقعہ کے بعد اس بار ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی پلان میں تبدیلی کی ہے اور جلوس کے شرکاء کو بھی یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ صرف اپنے روایتی راستوں کو اختیار کریں۔

گزشتہ سال دس محرم کو راولپنڈی میں راجہ بازار کے پاس ہونے والے تصادم، فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔