پاکستان

کے پی: پولیس کی شکایات درج کرائیں آن لائن

شکایت کنندہ کو ایک ایس ایم ایس مرکزی پولیس آفس کو بھیجنا ہوگا، جس کا انہیں چوبیس گھنٹے کے اندر جواب دیا جائے گا۔

پشاور : اگر آپ کو خیبرپختونخوا کے کسی بھی ضلع میں پولیس سے کسی بھی قسم کی شکایت ہے، مثلاً کسی مقدمہ کے اندراج میں مشکل پیش آرہی ہے تو آپ کو تحریری درخواست لکھنے اور اسے سیکیورٹی رکاوٹوں سے گزر کر جمع کرانے کے لیے جانے کی ضرورت نہیں، اب صرف ایک ایس ایم کے ذریعے بھی ایسا ممکن ہوسکے گا۔

پولیس کے شکایتی مرکز کے سربراہ سجاد خان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا "شکایت کنندہ کو ایک ایس ایم ایس مرکزی پولیس آفس کو بھیجنا ہوگا، جس کا انہیں چوبیس گھنٹے کے اندر جواب دیا جائے گا"۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سہولت انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر خان درّانی کی ہدایت پر فراہم کی جارہی ہے تاکہ ایسے افراد جو پولیس تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے یا رپورٹ درج کروانے میں انہیں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، انہیں آسانی فراہم کی جاسکے۔

سجاد خان کے مطابق شکایتی مرکز جس کا رسمی افتتاح جلد ہوگا، مرکزی پولیس آفس میں قائم کیا گیا ہے جہاں ہر ایک اپنی شکایات ایس ایم ایس کے ذریعے بھیج سکے گا جو خودکار طور پر کمپیوٹر میں منتقل ہوجائیں گی، جہاں سے ان پر مزید کارروائی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ شکایات متعلقہ ضلعی پولیس آفسر کے پاس آئی جی کی خصوصی ہدایات کے ساتھ بھیجی جائیں گی جس پر چوبیس گھنٹے کے اندر ردّعمل ظاہر کرنا ہوگا ورنہ شکایتی مرکز میں ریڈ لائٹ اس وقت تک جلتی بجھتی رہی گی جب تک شکایت کنندہ کو جواب نہیں مل جاتا۔

سجاد خان نے بتایا کہ حقیقی مقدمات میں حکام کی جانب سے ایف آئی آر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے رجسٹر کی جانی چاہیے تاکہ عوام تک فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ایس ایم ایس کے ذریعے عوامی شکایات کو موصول کرنے کا نظام تیار کرلیا ہے اور کم سے کم وقت میں مسائل کے حل کے لیے عوام کے تعاون کے ساتھ اقدامات کیے جائیں گے۔

ان کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک نمبر 03159007777 کو ایس ایم ایس سروس کے لیے مخصوص کر دیا گیا ہے، جو کہ بہت جلد فعال ہوجائے گا۔

شکایتی مرکز کے سربراہ نے بتایا کہ ایس ایم ایس سروس کے ساتھ شکایات مختلف طریقوں جیسے فیکس، ٹیلیفون، ای میل اور ڈاکخانوں کے ذریعے بھی موصول کی جائیں گی، جبکہ اس سہولت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے سے عوامی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب پولیس ترجمان ریاض احمد نے بتایا کہ تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ڈی پی اوز اور ایس ڈی پی اوز کو خصوصی سرکاری موبائل فون نمبر دیے جائیں گے تاکہ عوام سے قریبی رابطے قائم کرنے میں مدد، جرائم کے خلاف مربوط کوششیں اور عوامی شکایت کو حل کرنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سرکاری موبائل نمبرز مذکورہ بالا افسران کو سیریل نمبرز کی شکل میں فراہم کیے جائیں گے "اگر کوئی افسر ٹرانسفر ہوکر کہیں چلا جائے گا، تو اس کا نمبر اس کی جگہ آنے والے افسر کو منتقل ہوجائے گا، یہ خصوصی نمبر چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کے خلاء کو پُر کیا جاسکے"۔

پولیس ترجمان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے معاشرے میں طویل المعیاد بنیادوں کے لیے امن اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔