دنیا

سعودی عرب: بیداری میں زیارتِ رسولؐ کا دعویدار گرفتار

مذہبی پولیس کے مطابق دوران تفیش ملزم نے غلط بیانی کا اعتراف کیا اور کہاکہ اس نے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے یہ دعویٰ کیا۔

مدینہ: پیغمبر اسلام حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دورانِ خواب زیارت یوں تو تمام مسالک و مکتبہ ہائے فکر کے نزدیک انتہائی سعادت کا باعث سمجھی جاتی ہے۔

لیکن سعودی عرب میں ایک شخص نے رسولِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی جسمانی زیارت کا دعویٰ کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی مذہبی پولیس امر بالمعروف ونہی عن المنکر نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔

اس ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو عالمِ بیداری میں دیکھا اور آپ ﷺ سے دیر تک گفتگو بھی کی۔

سعودی عرب کی مذہبی پولیس کے ترجمان ترکی الشلیل نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹیوٹر پر بتایا کہ روضہ رسول ﷺ پر کچھ لوگ ایک شخص کی تصویر اٹھائے نظر آئے۔

اس شخص کے بارے میں ان لوگوں کا دعویٰ تھا کہ اس کو حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی حالت بیداری زیارت ہوئی ہے۔

ترکی الشلیل کا کہنا تھا کہ اس تصویر کی مدد سے اس شخص کو تلاش کیا گیا، اس کے ملنے کے بعد اس سے اس کے دعویٰ کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ اس کی حالت بیداری میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات ہوئی تھی اور اس نے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے بات چیت کی۔

اس کا دعویٰ تھا کہ میں نے حضور کو اپنی جاگتی آنکھوں سے ہرطرف موجود دیکھا۔

مذکورہ شخص نے مزید یہ دعویٰ بھی کیا کہ بعض زائرین بھی حضور سے ملاقات اور بات کر رہے ہیں۔ انہوں‌ نے صحابی رسول اور رسول پاک ﷺ کے چچا حضرت حمزہ کے مرقد کی بھی زیارت کی۔ ان سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عالم بیداری میں‌ ملاقات کے دعوے دار شخص کو غلط عقائد کی ترویج کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

دوران تفیش ملزم نے اپنی غلط بیانی کا اعتراف کیا اور کہا ہے کہ وہ محض لوگوں کو گمراہ کرنے کی غرض سے ایسا کرتا رہا ہے۔