ایم کیو ایم نے مہاجر صوبے کا مطالبہ کردیا
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران 'مہاجر' صوبہ بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق یہ مطالبہ ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش کیا۔
کامران اخترکا کہنا تھا کہ 'سندھ کے اردو بولنے والوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ مہاجروں کا الگ صوبہ بنایا جائے'۔
ایم کیو ایم رہنما نے دعویٰ کیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے دوران میرٹ کو نظر انداز کیا گیا، جب کہ سنٹرل ایڈمیشن پالیسی میں بھی آٹھ ہزار طلباء کو داخلہ نہیں دیا گیا۔
کامران اختر کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے اردو بولنے والوں کی جانب سے یہ مطالبہ پیش کر رہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ایم کیو ایم نے سندھ ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان
ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں دوریوں کا نیا سلسلہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ایم کیو ایم اور اس کے قائد الطاف حسین کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد شروع ہوا ہے۔