اسلام آباد ایئرپورٹ، دنیا کے بدترین ہوائی اڈوں میں سرفہرست
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دنیا کے بدترین ہوائی اڈوں کی فہرست میں پہلا نمبر دیا گیا ہے۔
ایک ویب سائٹ سلیپنگ ان ایئرپورٹ نے ایک سروے کا انعقاد کیا تھا، جس کے مطابق سکون، سہولیات، صفائی ستھرائی اور کسٹمر سروس کی بنیاد پر اسلام آباد کے ایئرپورٹ کو دنیا کا بدترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر جدّہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ تیسرا نمبر کھٹمنڈو، نیپال کے تری بھون انٹرنیشنل ایئرپوٹ کو ملا ہے۔ چوتھے نمبر پر منیلا کا نینوئے ایکونو انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ پانچویں نمبر پر ازبکستان کا تاشقند انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔چھٹا نمبر پیرس کے ایئرپورٹ کو دیا گیا ہے۔
بدترین ایئرپورٹ کی اس رپورٹ میں ایک مسافر کے الفاظ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس میں انہوں نے اس ایئرپورٹ کی جارحانہ سیکورٹی چیکنگ، ہجوم اور گندگی کی وجہ سے اس کا موازنہ سینٹرل جیل سے کیا تھا۔
ویب سائٹ کے مطابق مسافروں نے اس بات کی بھی شکایت کی ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ایئرپورٹ کا عملہ مسافروں کے ساتھ مناسب برتاؤ میں ناکام رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایک نیا ایئرپورٹ تعمیر کیا جارہا ہے، جس کی تعمیر توقع ہے کہ 2016ء کے وسط تک مکمل ہوجائے گی، اس کے بعد امید ہے کہ فضائی سفر کی سہولت میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔