پاکستان

مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، آرمی چیف

جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

راولپنڈی: چیف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔

ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم علاقائی امن چاہتے ہیں، لیکن جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فوج کا مقصد پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خفیہ اداروں کے تعاون سے ملک میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی اتحاد اور امید کی علامت ہے اور خطرات اور قدرتی آفات کے دوران فوج عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔

آرمی چیف نے کامیاب ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تاریخی لمحات کا حصہ بننے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

آج کی تقریب میں بارہ سو کیڈٹس پاس آؤٹ ہورہے ہیں، جن میں تیس خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ 45 کیڈٹس کا تعلق دوست ممالک سے ہے۔

تقریب میں جنرل راحیل شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پاک فوج کے دستے نے انہیں سلامی بھی دی۔