پاکستان

خورشید شاہ پوری مہاجر قوم سے معافی مانگیں، حیدر عباس رضوی

دوسری جانب خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان پر معذرت کرلی ہے۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن رہنما خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوری ’مہاجر‘ قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

کراچی میں پیپلز پارٹی کے اتوار کو ہونے والے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں دورے کے موقع پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ لفظ ’مہاجر‘ ان کے لیے گالی ہے اور سندھ میں رہنے والوں کے لیے یہ لفظ استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مہاجر وہ ہوتے ہیں جو کیمپوں میں رہتے ہیں، ہم سب کو ساتھ رکھیں گے اور کسی کی ہندوستان واپسی نہیں چاہتے۔

حیدر عباس رضوی نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جوکیمپوں اور جھگیوں میں رہتے ہیں انہیں پناہ گزین کہتے ہیں، ہم پاکستان میں پناہ گزین نہیں، ہجرت کرکے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’خورشید شاہ صاحب آپ سے یہاں رہنےکی اجازت کس نے طلب کی ہے؟‘

حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ سندھ میں نفرت اور تعصب کی آگ بھڑکانے کے لیے بیانات دیےجاتےہیں جبکہ 30 صوبوں کے قیام کے مطالبے پر بہت سارے لوگوں کے پیٹ میں مروڑ ہورہی ہے۔


خورشید شاہ کی معذرت


دوسری جانب خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان پر معذرت کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر کو گالی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پرانا تاریخی مہاجر تو میں خود ہوں۔