پاکستان

توہین رسالت کا زخمی ملزم راولپنڈی سے لاہورمنتقل

اڈیالہ جیل میں گارڈ کی فائرنگ سے زخمی ملزم خصوصی طیارے کے ذریعے پنجاب ادارہ برائے ذہنی امراض منتقل۔

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے توہین رسالت کے ملزم کو جمعرات کے روز ایک خصوصی طیارے کے ذریعے ہولی فیملی ہسپتال سے لاہور کے پنجاب ادارہ برائے ذہنی امراض منتقل کر دیا گیا۔

سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ ذہنی مرض کی تاریخ رکھنے والے 71 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری کے زخم ٹھیک ہو گئے ہیں اور ان کی جسمانی صحت مستحکم ہے۔

ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس نے ایک پولیس انسپکٹر کی مدد سے ملزم کو لاہور پہنچایا۔

اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ ملک مشتاق اعوان نے بتایا کہ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ ملزم کو مزید علاج کی ضرورت ہے اور انہی کی سفارش پر ملزم کو لاہور منتقل کیا گیا۔

'ڈاکٹر زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ ملزم کا اچھا علاج راولپنڈی میں ہو سکتا تھا یا لاہور میں'۔

ذرائع کے مطابق، ملزم پر حملہ کے بعد چار افسروں سمیت آٹھ جیل حکام، معطل ہو چکے ہیں جبکہ فائرنگ کرنے والے گارڈ کے خلاف کیس بھی دائر کیا جا چکا ہے۔