ایپل iOS 8 میں نستعلیق اردو فونٹ کی شمولیت کا امکان
ایپل نے اردو کے چاہنے والوں کے لیے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس ایٹ میں اردو فونٹ نستعلیق میں بھی متعارف کرانے پر غور شروع کردیا ہے۔
اس امریکی کمپنی نے یہ آپریٹنگ سسٹم سترہ ستمبر کو متعارف کرایا تھا جس میں اردو زبان کو شامل کیا گیا تھا تاہم اس کے لیے فونٹ نسخ کو استعمال کیا گیا تھا مگر اس کے لیے زبان سے متعلق اپلیکشنز جیسے اردو رائٹرز کو آئی پیڈ، آئی فون، آئی ٹچ وغیرہ میں ڈاﺅن لوڈ کرنا ضروری تھا۔
نسخ فونٹ کے استعمال کو دیکھتے ہوئے اردو رائٹ کے بانی مدثر عظیمی نے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی اور ایک خط ایپل کے سی ای او ٹم کوک کو ای میل کیا جس میں انہوں نے آئی او ایس ایٹ کے لیے اردو کی بورڈ میں نستعلیق ٹائپ فیس کی شمولیت پر زور دیا۔
ان کی یہ کوشش تیرہ اکتوبر کو اس وقت رنگ لائی جب انہیں ٹم کوک کے ایک نمائندے کی جانب سے فون پر رابطہ کرکے بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے ان کی درخواست پر غور کیا جارہا ہے۔
سان فرانسسکو میں کام کرنے والے مدثر کا ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی بچے ٹیکنالوجی کو اپنی ثقافت اور اردو زبان سے واقفیت کے ساتھ استعمال کریں جس کے لیے انہوں نے اردو پر ایک اپلیکشن تیار کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2010 میں آئی او ایس صارفین کے لیے اردو رائٹر نامی ایپ پر مکمل کی بورڈ ڈیزائن کیا جوکہ بہت کامیاب بھی ثابت ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ متعدد افراد کو شکایت تھی کہ وہ نسخ فونٹ کو پڑھ نہیں سکتے جبکہ نستعلیق اس حوالے سے زیادہ بہتر ہے اسی لیے ہم نے یہ مہم بھی چلائی۔
ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنیاں جیسے ایپل، گوگل اور مائیکروسافٹ کی جانب سے اردو پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی اسی لیے نستعلیق کے صارفین کو تھرڈ پارٹی جیسے اردو رائٹر اور ان پیج وغیرہ پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ مدثر عظیمی کا کہنا ہے کہ پہلے قدم کے طور پر وہ نستعلیق کو اپنانے کے لیے بڑی کمپنیوں جیسے ایپل پر توجہ دے رہے ہیں جو مختلف فونٹس کے لیے اپنا یونی کوڈ تیار کررہی ہے۔
اب آئی او ایس ایٹ میں شمولیت کے بعد توقع ہے کہ باقی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی ایپل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے سسٹمز میں اردو کی بورڈ شام کریں گی اور بتدریج اس میں نستعلیق کو بھی جگہ مل سکے گی۔