صحافیوں کے لیے امدادی فنڈ کا قیام
سابق نگران وزیراعظم کا ایک احسن اقدام، جس کے تحت صحافیوں کی اموات یا معذوری کی صورت میں امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔
کراچی: کل بروز جمعرات مورخہ 13 جون یہ بات سامنے آئی ہے کہ سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے اپنے مدت اقتدار کے آخری ایام کے دوران جب وہ ملک کے چیف ایگزیکٹیو تھے، ایک فلاحی فنڈ قائم کیا تھا۔ یہ فنڈ اُن علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے لیے مختص ہے،جہاں امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔
اس سلسلے میں ایک نوٹس جو 15 مئی کو جاری کیا گیا تھا، میں یہ تحریر ہے کہ کسی صحافی کی ہلاکت، یا زخمی ہونے کے بعد معذوری کی صورت میں اس کے خاندان کو بہت سے معاشی و سماجی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، چنانچہ ان کے مسائل کو کم کرنے کے لیے ان کی مالی طور پر مدد کرنا ضروری ہے۔
لہٰذا ایک کروڑ روپے کی رقم اس فنڈ کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔