کھیل

ہاکی اولمپئنز کے خلاف جوا کھیلنے کا مقدمہ خارج

کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ انہیں سازش کے تحت گرفتار کیا گیا اس لیے وہ پولیس کے خلاف بھی مقدمہ درج کرائیں گے۔

لاہور کی مقامی عدالت نے جوا کھیلنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے سابق اولمپئنز سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ خارج کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق ہاکی پلیئرز کا کہنا تھا کہ انہیں سازش کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نے کچھ عرصہ قبل مقامی ہوٹل پر چھاپہ مار کر چار سابق اولمپیئنز سمیت 8افراد کو حراست میں لیا تھا۔

گرفتار ہونے والوں میں دانش کلیم، انجم سعید، قمر ابراہیم، کامران اشرف، رانا ظہیر، عرفان ضیا، محمد عرفان اور سہیل اشرف شامل تھے جن کے خلاف جوا کھیلنے کا مقدمہ درج کیا۔

بدھ کے روز ماڈل ٹاؤن کچہری میں ملزمان کو پیش کیا گیا جہاں عدالت نے تمام افراد کو بری کرتے ہوئے مقدمہ خارج کر دیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انجم سعید اور دانش کلیم نے کہا کہ ہمیں بدنام کرنے کے لیے ہمارے خلاف سازش کی گئی ۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر غالب مارکیٹ پولیس کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔