ملتان کے ضمنی انتخابات، حکومت کی انا کا مسئلہ
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب حکومت نے جمعرات 16 اکتوبر کو ملتان کے حلقے این اے-149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام مصروفیات اوراہم میٹنگز ملتوی کردی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے منگل کو ڈان کو بتایا کہ حکومت کو مخدوم جاوید ہاشمی کی بحیثیت آزاد امیدوار شکست کا خوف نہیں ہے بلکہ اصل خوف یہ ہے کہ ان کی شکست سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کامیابی مل جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اہم میٹنگز اور مصروفیات اس وجہ سے منسوخ کردی گئی ہیں کیوں کہ حکومت اس وقت ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
اگرچہ مسلم لیگ (ن) نے اس حلقے سے اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تاہم حکومت جاوید ہاشمی کی فتح کی خواہش مند ہے، تاکہ پی ٹی آئی کو نیچا دکھایا جا سکے، جو ایک دوسرے آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر کی حمایت کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار ڈاکٹر جاوید صدیقی کی فتح بھی حکومت کے لیے شرمندگی کا با عث ہوگی۔
ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حکومت قومی اسمبلی کی نشست کھو دینے سے خوفزدہ نہیں ہے، بلکہ اصل خوف جاوید ہاشمی کی شکست کا ہے، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ حکومت نے عوامی مقبولیت کھو دی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ملتان میں امن وامان کی صورتحال کی آڑ میں ضمنی انتخابا ت کو ملتوی کرنے کی درخواست بھی دائر کی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملتان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور وہاں سولہ اکتوبر کو شیڈول کے مطابق انتخابات ہوں گے۔
مزید پڑھیں:ملتان: ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد
یاد رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے-149 سے قومی اسمبلی کی نشست جاوید ہاشمی کے استعفے کے باعث خالی ہوئی ہے۔
جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے ہمراہ اپنا استعفی اسپیکر کو بھجوایا تھا اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اس کی تصدیق بھی کردی تھی۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے ملتان کے حلقے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 149 ملتان سے ضمنی انتخاب کے لیے سابق ایم پی اے جاوید صدیقی کے نام کا اعلان کیا ہے ۔
جبکہ بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔