پاکستان

دہشت گرد عناصر شہر میں ٹھکانے قائم کررہے ہیں، الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے سینٹرل جیل سے کالعدم تنظمیوں کے قیدیوں کے فرار کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہ دہشت گرد عناصر کراچی کے مختلف علاقوں میں اپنے ٹھکانے قائم کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے سینٹرل جیل کراچی سے کالعدم تنظمیوں کے قیدیوں کے فرار کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کی نگرانی کریں اور کسی مشوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور رینجرز کو دیں تاکہ دہشت گردی کو بروقت ناکام بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ کل سندھ رینجرز نے کراچی سینٹرل جیل پر ایک خفیہ سرنگ کے ذریعے حملے اور قیدیوں کے فرار کا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔

رینجرز حکام کے مطابق سینٹرل جیل کے قریب غوثیہ کالونی کے ایک مکان میں سرنگ کھودی جا رہی تھی، جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کر کے پکڑ لیا۔

رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں نے سینٹرل جیل کراچی کے قریب ایک مکان میں موجود سرنگ کے ذریعے جیل میں قید اتنہائی خطرناک دہشت گردوں کی بیرک تک پہنچ کر ان کے فرار کا منصوبہ تیار کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال سے بھی زائد عرصے سے کراچی شہر میں جرائم پشیہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن اب بھی جاری ہے اور مختلف کارروائیوں میں حکام متعدد مشتبہ افراد کو ہلاک اور گرفتار کرنے کے دعوے بھی کرتے رہتے ہیں۔

ان میں ناصرف گینگ وار کے سنگین ملزمان شامل ہیں، بلکہ متعدد کالعدم تنظمیوں سے وابستہ شدت پسندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔