پاکستان

عمران خان پارٹی کے اندر تحقیقات کروائیں، رحمان ملک کا مشورہ

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے سانحہ ملتان کی عدالتی تحقیقات کو لازمی قرار دے دیا۔

لاہور: سابق وزیرداخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما رحمان ملک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں بھگدڑ اورہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس واقعے کی اپنی پارٹی کے اندر بھی تحقیقات کروائیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے واقعے کی عدالتی تحقیقات کو ضروری قرار دے دیا۔

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی افواج کی فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

رحمان ملک نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'دنیا میں کہیں ایک بندہ مر جائے تو آپ کی گھنٹی بج جاتی ہے، لیکن ہمارے تیرہ لوگ شہید ہو گئے مگر آپ کی گھنٹی نہیں بجی'۔

' ہمارے لہو کا رنگ بھی سرخ ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی بلا اشتعال فائرنگ سے خطے میں اشتعال پھیل رہا ہے، تاہم اگر پاکستان کو کچھ ہوا توانڈیا بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

رحمان ملک نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی پرواضح کیا کہ پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے، افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انھوں نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'اللہ نے آپ کو وزیراعظم بنایا ہے، آپ پاکستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھائیں'۔

'کیا ہی اچھا ہوتا کہ آپ پہلا دورہ پاکستان کا کرتے'۔

دوسری جانب ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے کوخوش آئند قراردیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ انعام پاکستان کے پُرامن ملک ہونے کا ثبوت ہے، جس سے طالبان کی اصلیت بھی سامنے آگئی ہے۔