خضدار: فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد ہلاک، دو زخمی
لیویز اہلکاروں کے مطابق کہ اب تک تصدیق نہیں کی ہوسکی کہ یہ حملہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا یا پھر قبائلی تنازعے کا نتیجہ۔
کوئٹہ: آج صبح بلوچستان کے شہر خضدار میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام نے ڈان کو بتایا کہ خضدار کے علاقے زہری میں موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے ایک پک اپ وین کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔
زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
حملے کے بعد قاتل اپنی موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگئے۔
اس واقعے کا علم ہوتے ہی لیویز کے اہلکار جائے واردات پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔
لیویز اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس بات کی اب تک تصدیق نہیں کی ہوسکی ہے کہ یہ حملہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا یا پھر کسی قبائلی تنازعےکا نتیجہ تھا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے سات برسوں سے خضدار میں پُرتشدد واقعات پے درپے سامنے آتے رہے ہیں۔