پاکستان

فردوس عاشق اعوان، اعظم خان ہوتی کیخلاف تحقیقات کی منظوری

نیب نے فردوس عاشق اعوان اور سینیٹر اعظم خان ہوتی کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان اور عوامی نیشنل پارٹی سینیٹر اعظم خان ہوتی کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق نیب نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے پانچ مقدمات کی تحقیققات کی منظوری دے دی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی گئی ہے جن کے خلاف پندرہ سرکاری بسوں کو ذاتی حیثیت میں استعمال کرنے کا الزام ہے۔

جبکہ نیب نے اے این پی سینیٹر اعظم خان ہوتی اور انکی اہلیہ حمیرا ہوتی کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔

اعظم خان اور انکی اہلیہ کیخلاف انکوائری 128 ملین روپے بینک سے غیرقانونی طور پر نکالنے کے مقدمے میں کی گئی جبکہ ایم پی اے قاسم ضیا اور ایم این اے رانا اسحاق کے خلاف بھی انکوائری منظور کرلی گئی ہے۔

دونوں رہنماوں پر کرپشن کے الزامات عائد ہیں۔