عمران کامیانوالی،ملتان میں جلسوں کااعلان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمعرات کو میانوالی اور اس کے بعد ملتان میں جلسہ ہو گا جبکہ ۔اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھیں گے
لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب تک استعفی نہ دے دیں احتجاج اور دھرنے جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 2013 کے انتخابات کے دوران ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی نے 14اگست کو تحریک کا آغاز کیا تھا، پی ٹی آئی کے بنیادی مطالبات مبینہ دھاندلی کی تحقیقات اور وزیراعظم نواز شریف کا استعفیٰ ہیں جن کے لیے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا بھی دیئے ہوئے ہے جبکہ تحریک انصاف نے کراچی میں گزشتہ اتوار کو "پاور شو" کے بعد لاہور میں مینار پاکستان پر میدان سجایا۔
کارکنان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں جھوٹ بولنے کا کیس شروع ہو رہا ہے، یہ کیس تحریک انصاف نے دائر کیا ہے کیونکہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جھوٹ بولا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پہلی بار جھوٹ نہیں بولا، مسلم لیگ(ن) سالوں تک کہتی رہی پرویز مشرف سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا جس کے تحت شریف برادران سعودی عرب گئے مگر سعودی شہزادے نے سب کے سامنے وہ معاہدہ پیش کر دیا جس سے ان کا جھوٹ سامنے آگیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے حوالے سے تیار رپورٹ 10 ماہ سے روکی ہوئی تھی جس کو بالآخر جاری کر دیا ہے جس میں تسلیم کیا گیا ہے کہ الیکشن کے روز پولنگ بوتھ بدلے گئے جس سے ووٹر اپنا ووٹ نہیں ڈال سکے بلکہ ان کی جگہ جعلی ووٹ ڈالے گئے۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یہ بھی تسلیم کر لیا ہے کہ غیر قانونی طور سیکورٹی پرنٹنگ پریس کے بجائے باہر سے ووٹ چھپوائے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ یو این ڈی پی کے سسٹم کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وہ بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد ہاتھ سے لکھے گئے نتائج بنائے گئے اور ریٹرنگ افسران نے نتائج تبدیل کیے ان ریٹرننگ افسران کو سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے احکامات جاری ہوئے تھے۔
عمران خان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک فارم14 اپنی ویب سائٹ پر نہیں ڈالے کیونکہ الیکشن کمیشن نواز شریف اور افتخار محمد چوہدری کے ہمراہ میچ فکسنگ میں ملوث تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہہ دیا ہے کہ نادرا ایک لاکھ افراد کے انگھوٹوں کی تصدیق ایک روز میں کر سکتی ہے جبکہ مقناطیسی سیاہی بھی جان بوجھ کر استعمال نہیں کی گئی، اس کی تحقیقات کی جانی چاہیئے تھی مگر ابھی تک نہیں کی گئی کیونکہ اس میں مسلم لیگ (ن) ملوث تھی جو حکومت میں ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر اچھا کیا، سب کے چہرے سامنے آگئے، جنرل جیلانی اور ضیا الحق کی نرسری میں نہیں پلا، آئی ایس آئی سے پیسے نہیں لیے،اب مقابلہ زبردست ہو کیونکہ تمام جماعتیں ایک جانب ہوگئی ہیں جبکہ تحریک انصاف دوسری جانب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کے بعد کہا تھا کہ اگر انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آوں گا، انصاف کے حصول کے لیے تمام دروازے کھٹکھٹائے مگر انصاف نہیں ملا۔
سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمران جب سیلاب زدہ علاقوں میں گئے تو وہاں نعرے لگے ''گونوازگو'' جبکہ نواز شریف کے خلاف نیویارک میں ''گو نواز گو'' کے نعرے لگے، حکمران جہاں ڈرامے کرتے ہیں ''گونوازگو'' کے نعرے سننے کو ملتے ہیں، نواز شریف نے فوری استعفیٰ دے دیا تو میرا پیغام گھر گھر کیسے پہنچے گا۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف اوپر سے مخالف اور اندر سے بھائی ہیں، دونوں ایک دوسرے کو چور بھی بولتے ہیں اور بچاتے بھی ہیں،آصف زرداری جب صدر بن رہے تھے تو سوچا کہ ایک ملزم صدر بن رہا ہے اس لیے احتجاج کیا تو صرف 2ہزار لوگ جمع ہوئے،عوام کا برا حال تھا دوسری طرف دیکھا کہ 2 خاندان امیر ہوتے جا رہے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف اسلام آباد دھرنے میں واپس پہنچ گئے
لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے کے بعد عمراں خان رات گئے واپس اسلام آباد دھرنے میں پہنچ گئے۔
تحریک انصاف کے سربراہ کی دھرنے میں آمد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا
عمران خان نے قوم کو جگادیا، شاہ محمود قریشی
تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 1940 میں قیام پاکستان سے قبل مینار پاکستان کے مقام پر لاہور بولاتھا اور آج پھر لاہور نے بول دیا ہے، حالیہ تحریک سے عمران خان نے قوم کو جگا دیا ہے،
جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں مہریں بلے پر لگیں پتہ نہیں شیر کہاں سے آگیا، لاہور والوں نے پرانی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔
فضل الرحمن کمیشن ایجنٹ ہیں، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ(ای ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لاہور میں ایسا جلسہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، قربانی سے پہلے قربانی ہوگی۔
تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہاگر کوئی غیر آئینی اقدام ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر نہیں ہو گی بلکہ وزیر اعظم نواز شریف اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک دوسرے کی انشورنس پالیسی ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن صرف کمیشن ایجنٹ ہیں۔
حکمرانوں کو جانا ہوگا،وزیراعلی خیبر پختونخوا
وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز نے کہا کہ عمران خان نے چوروں اورڈاکوؤں کے خلاف آواز بلند کرنے کی سازش کی۔
پی ٹی آئی کے کارکنان سے خطاب میں ان کہنا تھا کہ اب سارا پاکستان ہمارے ساتھ ہو گیا ہے، حکمرانوں چلے جائیں اس سے پہلے کہ عوام اٹھا انہیں کر باہر پھینک دیں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ حکمران غریبوں کو بہت لوٹ چکے ہیں، اب ان کو جاناہوگا۔
پرانی سیاست کا غلام تھا، جہنگیر ترین
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہہے کہ میں پرانی سیاست کاغلام تھا، عمران خان کے ساتھ مل کر آزاد ہوگیا۔
جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا پورا لاہور باہر نکل آیا ہے۔
جہانگیور ترین نے مزید کہا کہ کراچی میں آزادی کا جشن منایا اب لاہور میں منا رہےہیں
عمران خان اسٹیج سے گرتے گرتے بچ گئے
|
عمران خان اسٹیج سے گرتے گرتے بچے |
تحریک انصاف کے جلسے میں اسٹیج کی سیڑھی بہت زیادہ افراد ہونے کے باعث ٹوٹ گئی جس سے ایک خاتون گر کر زخمی ہوئیں۔
زخمی خاتون کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
جلسے میں اسٹیج پر بہت زیادہ افراد ہونے کے باعث عمران خان کو اسٹیج پر دھکے لگے اور وہ بھی ایک لمحے کو گرتے گرتے محفوط رہے۔
عمران خان نے پیچھے سے دھکا لگنے پر شدید برہمی غصے کا اظہار کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے پیچھے کھڑے تمام اافراد کو دھکیل کر پیچھے کر دیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔
چیئرمین تحریک انصاف مینار پاکستان پہنچ گئے
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان لاہور میں مینار پاکستان پر جلسہ گاہ میں پہنچ گئے
عمران خان کارکنان کو ہاتھ ہلاتے ہوئے کے اسٹیج کی جانب روانہ ہوئے
توقع ہے کہ عمران خان کچھ دیربعد کا شرکا سے خطاب کریں گے۔
جلسے کی ہیلی کاپٹرز سے نگرانی
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے موقع ہر حکومت کی جانب سے سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر)، سی ٹی او اور ڈی آئی جی نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سی سی پی اولاہور نے کہا کہ جلسے کی سیکیورٹی کے لیے 4ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔
مینار پاکستان اور اطراف کے علاقوں کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کیا جا رہی ہے۔
عمران خان کی لاہور آمد، جلسے کے لیے روانہ
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان لاہور پہنچ گئے اور ائر پورٹ سے جلسہ گاہ کی جانب روانہ ہو گئے۔
عمران خان مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔
تحریک انصاف کے سربراہ 6بجے کے بعد مینار پاکستان پہنچیں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا لاہور ائر پورٹ پر ’گونوازگو‘ کے نعروں سے استقبال
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی لاہور ائر پورٹ آمد کے موقع پر وہاں موجود افراد نے گو نواز گو کے نعرے لگائے۔
ائر پورٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے استقبال کے لیے کارکنان کی بڑی تعداد جمع تھی، جنہوں نے وفاقی وزیر کو دیکھ کر نعرے لگانا شروع کیے۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں اس حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دوسروں کے جلسے میں مخالفانہ نعرے لگوانے والوں کے جلسے میں بھی نعرے لگ سکتے ہیں لیکن مسلم لیگ(ن) کسی کارکن کومردہ باد کے نعرے لگانا نہیں سکھاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی معاملے میں طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا،لوگوں کو تشدد پر اکسانے والے ملک کی خدمت نہیں کر رہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ لوگوں نے 5سال کے لیے ووٹ دیئے ہیں اسی لیے اب الیکشن 5سال بعد ہی ہوں گے۔
عید ’آزادی چوک‘ پر منانے کا اعلان
عمران خان نے عید الاضحیٰ آزادی چوک پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے اسلام آباد ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا، دھاندلی پرکوئی جوڈیشل کمیشن کامیاب نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران لندن میں ٹیکس دیتے ہیں پاکستان میں کیوں نہیں دیتے؟، ہمارے ملک کے حکمران ٹیکس نہیں دیتے لیکن اب قوم اپنے حقوق کے لیے جاگ رہی ہے
ان کا دعویٰ تھا کہ انتخابات میں قوم سے ان کا آئینی حق چھینا گیا، یہ حقوق کی جنگ ہے، نوازشریف اورآصف زداری ایک دوسرے کو بچا رہے ہیں۔
عمران خان اسلام آباد سے لاہور روانہ
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بنی گالہ سے لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کے لیے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہو گئے ہیں۔
بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ سے روانگی سے قبل عمران خان نے اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے وزیر اعظم کو پیغام دیا کہ نواز شریف استعفیٰ دینے میں جلدی نہ کریں کیونکہ اسلام آباد میں دھرنا جاری رہے گا، وزیر اعظم جتنی تاخیر کریں گے، پی ٹی آئی کا پیغام اتنا ہی ملک بھر میں پھیلے گا۔
تحریک انصاف کے کارکنان مینار پاکستان پر جمع ہونا شروع
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لاہور میں جلسے کے لیے رہنما اور کارکنان مینار پاکستان پر جمع ہو رہے ہیں
پی ٹی آئی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ جلسے میں شرکت کے لیے لوگ دوپہر سے پہلے آنا شروع ہو گئے تھے۔
جلسے کے مقام پر پی ٹی آئی نے ایک بڑا اسٹیج لگا دیا ہے جبکہ لائٹنگ اور میوزک سسٹم کے انتظامات مکمل بھی کیے گئے۔
پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے دن کے شروع میں جلسے کے مقام کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال کی تھیں۔