پاکستان

ایل او سی پر اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائیگا، آرمی چیف

جنرل راحیل نے جہلم کے قریب ایل او سی کے دورے کے دوران اگلے محاذ پر تعینات فوجی اہلکاروں سے ملاقات کی۔

اسلام آباد: پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جمعے کے روز کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے ایک اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے جہلم کے قریب لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور اگلے محاذ پر تعینات پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے پاک وطن کے دفاع میں مصروف اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج پر فخر کرتی ہے۔ دورے کے دوران مقامی کمانڈر نے جنرل راحیل کو بریفنگ دی۔

خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے جس کے باعث دونوں اطراف سویلین اور فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔