رحیم یار خان میں بجلی کے بھاری بل پر بیوہ خاتون کی خودکشی
رحیم یار خان : رحیم یار خان میں بجلی کا بہت زیادہ بل آنے پر ایک بیوہ خاتون نے مبینہ طور پر خود کش کرلی۔
رحیم یار خان کے علاقے طاہر کالونی کی رہائشی 37 سالہ سلمیٰ نے ایک گھر کا ایک حصہ کرائے پر لے رکھا تھا جو عارف چنہ نامی شخص کی ملکیت تھا، وہ خاتون بجلی کے بل پر کچھ فیصد بل بھی ادا کرتی تھی۔
عارف چنہ نے دعویٰ کیا کہ جب اس نے سلمی کو بتایا کہ اس بار بجلی کا بل 29 ہزار 300 روپے کا آیا ہے تو وہ شاک رہ گئی۔
عارف نے بتایا کہ سلمیٰ نے ڈپریشن کا شکار ہوکر زہر کھالیا جس پر اسے شیخ زید میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹر بروقت اس کا معدہ صاف نہیں کرسکے اور وہ ہلاک ہوگئی۔
سلمی کے پڑوسیوں نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عارف بہت اچھا انسان ہے اور وہ اکثر سلمیٰ کی مالی مدد بھی کرتا تھا، جبکہ متعدد دیگر افراد بھی بیوہ خاتون کی مدد کرتے تھے جو اپنے محدود وسائل میں بچوں کی کفالت کررہی تھی۔
میپکو کے ایگزیکٹو انجنئیر شہزاد حبیب گل نے ڈان کو بتایا کہ عارف چنہ کا بل میٹر ریڈنگ کے مطابق جاری کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کے بلوں کی غلطیاں انہیں تکلیف پہنچائے بغیر درست کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میٹر ریڈرز نے ریڈنگ میں گڑبڑ کی ہوگی تو انہیں سزا دی جائے گی۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے متعددد صارفین نے گزشتہ چند دنوں کے دوران اپنے بلوں کو درست کرانے کے لیے میپکو کے دفتر کا رخ کیا ہے۔