نئے صوبے نہ بنے تو پاکستان دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا، الطاف حسین
|
کراچی : ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ اگر مزید صوبے نہ بنائے گئے تو پاکستان دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔
ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر اپنی اکسٹھویں سالگرہ کے موقع پر ویڈیو خطاب میں الطاف حسین نے نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں بہت زیادہ آبادی کے باوجود بہت کم تعداد میں صوبے موجود ہیں۔
انہوں نے لوکل باڈیز کے انتخابات کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے قومی پرست جماعتیں ان کی جانب سے نئے صوبے کے قیام کے مطالبے پر شور شرابا کرتی تھیں مگر اب صرف وہ ہی نئے صوبوں کی ضرورت پر بات نہیں کررہے بلکہ طاہر القادری نے بھی نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ عمران خان نے بھی لوکل باڈیز کے سسٹم پر آواز بلند کی ہے۔
الطاف حسین کے مطابق وہ یونٹس ، سیکٹر اور رابطہ کمیٹی میں ایماندار لوگوں کو لائیں گے۔
ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھا کہ سندھی اور مہاجر تصادم سے گریز کرکے امن و محبت کے پیغام کو پھیلائیں۔
اپنے خطاب میں الطاف حسین نے مسلح افواج سے کہا کہ ان کی ذمہ داریاں ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کرنا ہے، جبکہ ریاست پر حکومت کرنا سویلین کا حق ہے، تاہم جب اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر انتخابی دھاندلی کا الزام لگنے لگے تو فوج کو قوم کی حمایت کے لیے تیار ہوجانا چاہئے۔
خطاب کے آخری میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے الطاف حسین سے تجدید عہد وفا بھی کیا۔