ہندوستان: ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو دھچکا
نئی دہلی: ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو منگل کو ہندوستان کی مختلف ریاستوں، اترپردیش، راجستھان اور گجرات میں ضمنی انتخابات کے نتائج سےایک بڑا دھچکا لگا ہے۔
چار ماہ قبل لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی نے بھاری کامیابی حاصل کی تھی۔
حکمران جماعت کو شدید دھچکا اہم ریاستوں اتر پردیش، راجستھان، اور وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی ریاست گجرات میں لگا۔
گجرات میں نو اسمبلی سیٹوں میں سے صرف چھ پر بی جے پی کامیاب ہوئی جبکہ تین نشستیں کانگریس نے حاصل کیں ، پہلے یہ تمام نشتیں بی جے پی کے پاس تھیں۔
نو ریاستوں میں 33اسمبلیوں کی نشستوں میں سے بی جے پی نے دس جیتی ہیں جبکہ کانگریس نے سات اور سماجوادی پارٹی نے سات جبکہ باقی سیٹیں دوسری جماعتوں کو ملی ہیں ۔
جن 33 اسمبیلی نشستوں کے لیے انتخاب ہوئے تھے ان میں اتر پردیش میں 11، گجرات میں 9 ، راجستھان میں 4 ، شمال مشرقی ریاستوں میں 5، ، آندھرا میں 1 ، چھتیس گڑھ میں 1 اور مغربی بنگال میں 2 نشستیں تھی ۔
اتر پردیش میں بی جے پی اور اس کی اتحادی اپنا دل 11 میں سے صرف تین نشتیں جیت سکی ہے۔
ریاست راجستھان میں بھی اسمبلی کی چار نشتوں میں سے صرف ایک پر بی جے پی کامیاب ہوئی جبکہ باقی تین نشتیں کانگریس نے حاصل کی ہیں، یاد رہے راجستھان کی تمام چاروں نشستیں بی جے پی کے پاس تھیں۔