پاکستان

پنجابی طالبان کا اعلان فوج کی فتح ہے، مشرف

امید ہے امن و امان کی بحالی سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت میں بہتری آئے گی، سابق صدر۔

اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اتوار کے روز پنجابی طالبان کی جانب سے پاکستان میں عسکری کارروائیاں ختم کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔

ایک اعلامیے میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب طالبان کی جانب سے یہ فیصلہ خوش آئند ہے اور افواج پاکستان کی فتح ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پنجاب نے ہفتے کے روز پاکستان میں مسلح جدو جہد ختم کرتے ہوئے ملک میں شریعت نافذ کرنے کے لئے پر امن دعوت و تبلیغ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

مشرف نے امید کا اظہار کیا کہ ملک میں امن کی بحالی کے ساتھ معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو افواج پاکستان کے ہاتھ مضبوط کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے جبکہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کی ضرورت ہے۔

ماڈل ٹاؤن سانحے پر گفتگو کرتے ہوئے مشرف کا کہنا تھا کہ کسی بھی حکومت کو غیر مسلح اور پر امن مظاہرین پر تشدد کرنے کا اختیار نہیں۔

سابق صدر نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے 'غیر جمہوری' قرار دیا۔