مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا، شاہ محمود قریشی
|
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مذاکرات کی مزید نشستوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات وفاقی وزیر داخلہ اسحاق ڈار سے بھی کہہ چکے ہیں کہ مزید مذاکرات وقت کا ضیاع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو جو کہنا تھا وہ کہہ چکے، اب فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔
کراچی کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد اگر پر امن ہوگا تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش جاری ہے جبکہ کراچی کے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
سیلاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی سیلاب آتے رہے تاہم ہم نےکچھ نہیں سیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے غریب کسان کا بےپناہ نقصان ہوا ہے جب کہ اس میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے۔