الطاف حسین اوررحمان ملک کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے گفتگو کی جس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رحمان ملک نے ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ خوش آئند ہے، اگر ایم کیوایم کی جانب سے یہ فیصلہ نہ کیا جاتا تو ملک میں سیاسی بحران مزید بڑھ سکتا تھا۔
انہوں نے سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اور احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں سے بات چیت کے جاری عمل میں ایم کیوایم کے نمائندوں کو شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
|
الطاف حسین نے رحمان ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میری شروع دن سے یہ کوشش رہی ہے کہ سیاسی معاملات افہام وتفہیم اور بات چیت سے حل کیے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلح افواج شمالی وزیرستان میں تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں مصروف ہے، سرحدوں پر کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے، پنجاب میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث شدید جانی مالی نقصان ہوچکا ہے لہٰذا ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی چیلنجوں کے پیش نظروقت کاتقاضہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور سیاسی معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کریں۔
الطاف حسین نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ صوبہ سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔