لائف اسٹائل

گلوکار آشا بھوسلے 81 برس کی ہوگئیں

آشا نے کم و بیش ایک ہزار فلموں کے لیے پلے بیک سنگر کی حیثیت سے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

بولی وڈ کی معروف گلوکار آشا بھوسلے نے اپنی عمر کی 81 بہاریں دیکھ لیں۔

آٹھ ستمبر 1933 کو ہندوستانی ریاست مہارشٹرا میں جنم لینے والی آشا نے یہ کھبی سوچا بھی نہ ہوگا کہ وہ اپنی زندگی میں ہی لیجنڈ گلوکار بن جائیں گی۔

آشا نے کریئر کا آغاز صرف 10 سال کی عمر میں مراٹھی فلم 'ماجھا بال' میں 'چلا چلا نوَ بلا' کے بولوں پر مبنی گانے سے کیا۔

بیس سے زائد ہندوستانی و غیر ملکی زبانوں میں 12 ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کرنے والی آشا نے کم و بیش ایک ہزار فلموں کے لیے پلے بیک سنگر کی حیثیت سے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔

انہیں موسیقی کے مختلف راگوں پر مہارت حاصل ہونے کا شرف بھی حاصل ہے اور اس کا اندازہ ہم ان کی غزلیں، پاپ، کلاسیکل، بھجن اور فلمی نغموں سے لگا سکتے ہیں۔

کئی موسیقاروں کے ساتھ کام کر کے نام کمانے والی آشا کو معروف موسیقار آر ڈی برمن کی کمپوزیشن میں ریکارڈ کروائے گئے گانوں نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

آر ڈی برمن کی میوزک کمپوزیشن میں گائے گئے گانوں میں 'دم مارو دم، محبوبہ او محبوبہ، میرا کچھ سامان، پیا تو اب تو آجا اور چُرالیا ہے تم نے جو دل کو' جیسے گانوں نے انہیں ہندوستان کی صفِ اوّل کی گلوکاروں میں شامل کرا دیا۔

آشا نے بولی وڈ فلم ‘مائی’ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں انہوں نے ایک ایسی ماں کا کر دار ادا کیا جو اپنے اکلوتے بیٹے کے چھوڑ جانے کے بعد اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ مشکلات بھری زندگی گزارتی ہے۔

دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کروانے والی آشا کو ہندوستان کے اعلیٰ ترین سویلین اعزاز پدما بھوشن اور دادا صاحب پھالکے سمیت درجنوں ملکی و غیر ملکی اعزازات و ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔

بشکریہ انڈیا ڈاٹ کام