پاکستان

ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری

حلقہ پی کے 68 میں تحریکِ انصاف کے احتشام جاوید اور آزاد امیدوار سید مدید کاظم شاہ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
|

پشاور: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کی نشست پی کے 68 پر ضمنی انتخابات لیے آج پولنگ ہورہی ہے جہاں تحریکِ انصاف کے احتشام جاوید اور آزاد امیدوار سید مدید کاظم شاہ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

خیال رہے کہ حلقہ پی کے 68 پر سابق ایم پی اے جاوید اکبر خان کی جعلی ڈگری کیس میں الیکشن ٹریبونل نے نا اہل قرار دئیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی اس خالی ہونے والی نشت پر 14امیدوار میدان میں ہیں۔

پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

آزاد امیدوار اور سابق صوبائی وزیر سید مرید کاظم شاہ کو مولانا فضل الرحمان اور سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی سمیت اے این پی کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔

ضمنی انتخابات کے لیے اس حلقے میں پولنگ کا عمل آج صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

پی کے 68کو سیکورٹی کے لحاظ سے آٹھ سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے اور تین ہزار چار سو پندرہ اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق اس حلقے میں کل ایک لاکھ 23 ہزار 941 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استمعال کریں گے۔

اس سلسلے میں کل ایک سو آٹھ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے31 پولنگ اسٹیشن کو حساس ترین، 27 پولنگ اسٹیشن حساس اور50 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔