مولانا فضل الرحمان کی اپیل، الطاف حسین مان گئے
اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیوایم) کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفوں کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی، جس پر الطاف حسین نے استعفوں کے فیصلے کو مؤخرکردیا ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ہفتے کو ایم کیو ایم قائد سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس کے دوران ملک میں جاری سیاسی بحران پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے الطاف حسین سے ایم کیوایم کے اراکین کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کرنے کی بھی اپیل کی۔
ان کا کہناتھا کہ ایم کیوایم ایک بڑی عوامی جماعت ہے اور ملکی سیاست میں اس کا اہم کردار ہے۔
الطاف حسین نے مولانا فضل الرحمان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمنٹ کے استعفوں کے فیصلے کو مؤخر کردیا اور مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی کہ ایم کیوایم کے نمائندے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم قائد نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین سے بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر احتجاجی دھرنے ملتوی کرنے کی بھی دوبارہ اپیل کی ہے۔