پاکستان

آزادی و انقلاب مارچ کے دھرنے ملتوی کردیئے جائیں، الطاف حسین

ایم کیو ایم قائد نے ملک بھر میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث آزادی و انقلاب مارچ کے دھرنے ملتوی کرنے کی اپیل کردی۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے قائد الطاف حسین نے آزادی اور انقلاب مارچ کے رہنماوٴں سے دھرنے عارضی طور پر ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک کا ہرذی شعور پاکستانی جانتا ہے کہ آج پورا ملک شدید طوفانی بارشوں کاسامنا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی گھمبیر، خوفناک اور قدرتی آفت کا ایک یا چند افراد سامنا نہیں کرسکتے ، اس کیلئے ضروری ہے کہ پوری قوم تمام تر سیاسی، نظریاتی اور ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک صفحہ پر جمع ہوجائیں اور ذاتی مفادات پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دیکر سیلاب زدگان کی امداد کریں ۔

دوسری جانب ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ صوبہ پنجاب ، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث شدید جانی ومالی نقصان ہوا ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ کو ہنگامی بنیادوں پر قدرتی آفات سے نمٹنے اور صوبے کے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے بلاتاخیر عملی اقدامات بروئے کار لانے چاہئیں تاکہ قدرتی آفات کی تباہ کاریوں سے نمٹا جاسکے۔