پنجاب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا انتباہ جاری

لاہور : ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارشوں کے تازہ سلسلے کے بعد صوبہ پنجاب میں پانچ سے سات ستمبر کے دوران تمام دریاﺅں میں اونچے درجے کے سیلاب کا انتباہ جاری کردیا گیا۔
خلیج بنگال سے اٹھنے والے ہوا کے کم دباﺅ ہندوستانی ریاست راجھستان کے راستے پاکستان منتقل ہورہا ہے جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں بارشیں شروع ہوچکی ہیں۔
محکمہ موسمیات اور فلڈفورکاسٹنگ بیورو لاہور کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوا کا کم دباﺅ پاکستان کی جانب بڑھے گا۔
ہوا کا یہ کم دباﺅ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران شدید ترین بارشوں کا سبب بنے گا، جس سے دریائے چناب اور راوی اور ان سے ملحق نالوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ جہلم اور دریائے ستلج میں پانچ سے سات ستمبر کے بہت اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں بہاولپور، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد سمیت ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژن میںتیزہواﺅں کے ساتھ شدید بارش ہوسکتی ہے، جبکہ سندھ (میرپور خاص، سکھر، حیدرآباد، کراچی ڈویژن ) اور کشمیر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
اسی طرح تیزہواﺅں کے ساتھ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، فاٹا، شمالی اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
علاوہ ازیں بدھ کو بھی ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا، لاہور میں سہ پہر کو تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا، خاص طور پر ائیرپورٹ ایریا، وسطی اور جنوبی علاقوں میں بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
بارش سے لاہور کا موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے فیصل آباد میں 73 ملی میٹر، کوٹلی میں 64، راولا کوٹ میں 53، گڑھی ڈوپٹہ میں 42، مظفرآباد میں 38، جہلم میں 29، بہاولنگر میں 27، بدین اور منگلہ میں 25 ملی میٹر، مٹھی میں 23 ملی میٹر، منڈی بہاﺅالدین 22 ملی میٹر، لاہور جیل روڈ پر 21 جبکہ ائیرپورٹ میں 18، گوجرانوالہ میں 20، گجرات میں 18، اسکردو میں 17، مری میں 13 جبکہ بالاکوٹ میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔