پاکستان

اسلام آباد احتجاج میں ایم کیو ایم کی شرکت کا امکان

متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے مظاہرین پر تشدد کا جاری رکھا تو ہمیں بھی سڑکوں پر آنا پڑے گا۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد میں مظاہرین کے خلاف تشدد کا سلسلہ جاری رہا تو ان کی جماعت کے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا اور کوئی چارہ باقی نہیں رہے گا۔

متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور اس کے قائد الطاف حسین کی کوشش ہے سیاسی بحران کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، لیکن پولیس کی جانب سے مظاہرین پر تشدد سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے حکومت نے ایم کیو ایم کی کوششوں کو برباد کردیا ہے۔

فاروق ستار نے حکومت سے کہا کہ وہ مظاہرین کے خلاف ریاستی طاقت کے استعمال کو روکے، کیونکہ احتجاج کرنا ان کا قانونی اور آئینی حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم پر پہلے ہی بے انتہا دباؤ میں ہے، اور اگر حکومت نے مظاہرین پر تشددکا سلسلہ جاری رکھا تو ہمیں بھی سڑکوں پر آنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین موجودہ سیاسی صورتحال کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھ رہے ہیں اور جلد ہی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔