آرمی چیف نے عدالتی کمیشن بنانے کی ضمانت دی ہے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آرمی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ آرمی چیف نے انہیں یقین دلایا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں اپنے استعفے سے متعلق بیان پر قائم رہتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر دوپہر تک استعفے کا مطالبہ نہ مانا گیا تو شام کو ہم فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مقصد کے بہت قریب آگئے ہیں، صرف وزیراعظم کا استعفیٰ باقی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک وزیراعظم نواز شریف کا استعفیٰ نہیں آتا، دھرنا جاری رہےگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران انہوں نے اپنی پارٹی کا موقف پیش کیا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کو بتادیا ہے کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے کوئی بات نہیں ہوگی۔
اس سے قبل عمران خان نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے کہنے پر 24 گھنٹے کے لیے اپنا 'اہم اعلان' روک رہا ہوں۔
دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ نے پیغام دیا ہے کہ جو بھی ہم کرنے جا رہے ہیں، کل تک رک جائیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جب تک انصاف نہیں ملتا، ملک اور جمہوریت کے لیے پیچھے نہیں ہٹیں گے، کپتان قوم کو مایوس نہیں کرے گا۔
تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس تحریک کو برداشت نہیں کر سکیں گے، کل یا تو جشن منایا جائے گا یا پھر تحریک نیا رخ اختیار کر لے گی۔
انہوں ے کہا کہ کل جشن منایا جائے گا یا پھر وہ کال دوں گا جس آج دینی تھی، ہم نہیں حکومت بند گلی میں کھڑی ہے۔
|