سیالکوٹ: تجمال سیکٹر پر ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ
سیالکورٹ: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے قریب ہندوستان کی سرحد کے ساتھ واقع تجمال کے علاقے پر ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔
تاہم اب تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈان نیوز کے مطابق چناب رینجرز نے ہندوستانی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رُک گیا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے قریب کئی سرحدی علاقوں پر ہندوستان کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس تازہ ترین واقعے سے ایک دن پہلے ہی اقوام متحدہ کی ایک جائزہ ٹیم نے سیالکوٹ میں ہندوستانی فوج فائرنگ اور گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا، اور سرحدی علاقوں پر پیدا ہونے والی اس صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
گزشتہ کئی روز سے انڈین فورسز کی فائرنگ سے کئی افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، سرحد پار سے کی جانے والی گولے باری سے مکانات تباہ اور بہت سے مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔