بوکو حرام کا اسلامی ریاست کا اعلان
نائجیریا: شمال مشرقی نائجیریا پر قابض عسکریت پسند گروپ بوکو حرام نے شہروں اور دیہات میں اسلامی ریاست کے قیام کر اعلان کر دیا ہے۔
بوکو حرام کے رہنما ابوبکر شیکاؤ نے ایک وڈیو میں اپنے جنگجوؤں کو گووزا پر قبضے پر مبارکباد دی ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ شیکاؤ نے اُس دولتِ اسلامیہ کے ہاتھ پر بیعت کی ہے جس نے عراق اور شام کے کچھ حصوں میں خود ساختہ اسلامی ریاست قائم کی ہوئی ہے۔
نائجریا کے فوجی ترجمان نے جنگجوؤں کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائجیرین ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت اب بھی برقرار ہے۔
2009 سے جاری بوکو حرام کی بغاوت کے آغاز سے اب تک نائجیریا میں خصوصا ملک کے شمال مشرق میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
تقریباً دو لاکھ پینسٹھ ہزار کی آبادی پر مشتمل شہر گووزا بوکو حرام کے کنٹرول میں آنے والا سب سے بڑا شہر ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بوکو حرام نے شہر کے حکمران کے محل پر ’امیرِ گووزا‘ کے نام کا پرچم لہرا دیا ہے۔
52 منٹ کی ویڈیو میں شیکاؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ' اللہ کا شکر ہے کہ اس نے گوزا میں بھائیوں کو فتح نصیب کی اور اسے اسلامی ریاست کا حصہ بنایا'۔
یاد رہے کہ بوکو حرام بورنو ریاست کے کئی حصوں پر قابض ہے۔
ویڈیو میں سویلین کپڑوں میں ملبوس 20 افراد کو گولی مار کر ہلاک کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
اس سے قبل ابوبکر شیکاؤ نے جولائی میں ریلیز کی گئی اپنی ویڈیو میں عراق اور شام کی اسلامی ریاست کو مبارکباد دی تھی تاہم دونوں گروپوں کے ساتھ کام کرنے کے کوئی شوائد نہیں ہیں۔