پاکستان

فاٹا: سات لاکھ بچوں کیلئے پولیو مہم

پیر سے شروع ہونے والی چار روزہ مہم کے ذریعے قبائلی علاقوں میں بچوں کو ویکسین دی جائے گی، حکام

پشاور: پاکستان نے پیر کو اپنے دور دراز قبائلی علاقے میں سات لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا آغاز کر دیا ۔

پاکستان سمیت مختلف ملکوں سے پولیو وائرس پھیلنے اور نئے کیس سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے مئی میں دنیا بھر میں 'عوامی صحت ایمرجنسی 'نافذ کر دی تھی۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیو مہم کی آڑ میں مبینہ جاسوسی کرنے کے خدشات کی وجہ سے ملک میں پولیو وائرس ختم کرنے کی سرکاری کوششیں متاثر ہو ئیں۔

سینئر سرکاری اہلکار افتخار علی نے بتایا کہ پیر سے شروع ہونے والی چار روزہ پولیو مہم کے ذریعے قبائلی علاقوں میں بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں 712604 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہے، تاہم انہوں نے خبر دار کیا کہ اس مہم کے باوجود مزید 288708 بچے پولیو قطرے پینے سے رہ جائیں گے۔

یاد رہے کہ سیکورٹی مسائل کی وجہ سے بنو ایف آر، شمالی و جنوبی وزیرستان اور خیبر پختونخوا کے کچھ اضلاع میں بچے پولیو مہم سے فائدہ نہیں اٹھا سکے تھے۔

رواں سال ملک میں اب تک 117 پولیو کیس سامنے آ چکے ہیں ، جن میں 85 فاٹا میں سامنے آئے۔

اس سال دنیا بھر میں سامنے آنے والے اسی فیصد پولیو کیسز کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھرایا گیا ہے۔